جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی

جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سندھ ہائیکورٹ میں دائر کر دی۔ توہین عدالت کی درخواست صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے ایڈووکیٹ عثمان فاروق کے توسط سے دائر کی، درخواست دائر کرنے والوں میں جنید مکاتی، وجیہہ الحسن ، نصرت اللہ ، محمد احمد اور محمد اکبر شامل ہیں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر نے عدالتی فیصلے کی توہین کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کئے جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے ہدایت کی تھی کہ امیدواروں کو سن کر فیصلہ کیا جائے، چیف الیکشن کمشنر نے ہمیں سنے بغیر فیصلہ کر دیا جو کہ توہین عدالت ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف کارروائی کی جائے اس حوالے سے جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 13 فروری کو چیف جسٹس نے انتخابی نتائج کیخلاف درخواستیں نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ ان سب کو سنا جائے اور پھر فیصلہ کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے حکم عدولی کرتے ہوئے اسی رات سب کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کردیئے جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ حکم عدولی پر الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔