ایس ایم ایز قرضے

ایس ایم ایز قرضے ، جون 2028 تک دو ٹریلین روپے فراہمی کا اعلان

اسلام آباد: ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے تحت بینکس نے ایس ایم ایز قرضے کے پروگرام کے تحت جون 2028 تک دو ٹریلین روپے کی خطیر رقم فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی معیشت کی بہتری کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے دوران یہ عزم بھی ظاہر کیا گیا کہ اس مدت کے دوران ایس ایم ایز قرضے حاصل کرنے والے مستستفیدین کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اس جامع پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے والے چھوٹے کاروبار کے مالکان یا قرض داروں کی کل تعداد کو بڑھا کر سات لاکھ پچھتر ہزار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کا کردار انتہائی کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک نچلی سطح پر کاروباری افراد کو مالیاتی سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی اس وقت تک ملکی برآمدات اور مجموعی معیشت میں مطلوبہ بہتری لانا ممکن نہیں ہو سکتا۔

اجلاس کے دوران بینکنگ سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ مالیاتی حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس نئے فنانسنگ ہدف میں آٹھ سو چوراسی ارب روپے سے زائد کے فنڈز کو خصوصی طور پر ترجیحی شعبوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ ان شعبوں میں مینوفیکچرنگ ، آئی ٹی ، زراعت سے وابستہ چھوٹے کاروبار اور خواتین کی زیر ملکیت چلنے والے کاروباری ادارے سر فہرست شامل ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ بینکنگ سیکٹر اس ہدف کو مقررہ مدت یعنی جون 2028 سے پہلے حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکیں۔

معاشی ماہرین نے حکومت اور بینکنگ سیکٹر کے اس مشترکہ اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں صنعتی پہیہ تیزی سے گھومے گا اور نوجوان نسل کو اپنے کاروبار شروع کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس کے علاوہ برآمداتی شعبے کو بھی اس سے براہ راست تقویت ملے گی کیونکہ ایس ایم ایز ملک کی صنعتی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ کاروباری برادری کو درپیش تمام مالیاتی مشکلات کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں کاروبار کرنے میں مزید آسانی پیدا ہو سکے۔