اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں دفاعی معاہدے کی کمیٹی کا اہم اجلاس جاری ہے ، جس میں خطے کی موجودہ سٹریٹجک صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اس اجلاس میں عسکری اور سفارتی حلقوں کی اعلیٰ شخصیات بھی شریک ہیں۔ اجلاس کے دوران خطے کے امن و استحکام اور باہمی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لیے طویل المدتی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اسٹریٹجک کمیٹی کے اس اجلاس کا بنیادی مقصد تمام رکن ممالک کے درمیان دفاعی اور سیاسی تعاون کو مربوط بنانا ہے۔ شرکاء کی جانب سے خطے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر اہم اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے جس میں دفاعی تعاون کے نئے معاہدوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس ملاقات کو خطے میں امن اور دفاعی استحکام کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔