کراچی: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 24 گھنٹے میں طے کرنے کا طریقہ ناقابل برداشت ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی معاشی حالات میں کاروبار کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے اور حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے پیٹرول پمپ مالکان کو شدید مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
ایسوسی ایشن کے ترجمان نے مزید بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل اور مارجن میں کمی کی وجہ سے ڈیلرز کا سرمایہ ڈوب رہا ہے۔ ملک بھر میں پیٹرولیم سیکئر سے وابستہ ہزاروں افراد شدید پریشانی میں مبتلا ہیں کیونکہ اس طرح کے فیصلے زمینی حقائق کو نظر انداز کر کے کیے جاتے ہیں۔ ڈیلرز نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس نظام کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے ۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا تو تمام پیٹرول پمپ مالکان ملک گیر احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہوں گے۔ اس حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل جلد طے کیا جائے گا جس میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا آپشن بھی زیر غور ہے۔ ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ماننا ہے کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے اس صنعت کو بچانے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں ۔
موجودہ صورتحال کے تناظر میں تیل کی ترسیل کرنے والی کمپنیوں اور وزارتِ توانائی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم تاحال کوئی حتمی حل سامنے نہیں آ سکا۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی اور قانونی راستہ اختیار کریں گے تاکہ اس تاجر دشمن پالیسی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے ۔