لاہور(21 جولائی 2026): پولیس کے چھاپے کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے ڈاکو کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر گلی میں کھڑی ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے خطرناک ڈاکو حسنین بٹ عرف سنی کی گرفتاری کے لیے ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ پولیس کو دیکھتے ہی حسنین بٹ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ تاہم فائرنگ کی زد میں آکر گلی میں موجود ایک بے گناہ خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیراؤ میں لے لیا۔ فرانزک ٹیموں نے موقع سے اہم شواہد اور گولیوں کے خول جمع کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ جبکہ فرار ہونے والے ڈاکو حسنین بٹ عرف سنی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔