محکمہ صحت سندھ کے حلقوں میں اُس وقت ایک اہم انتظامی تبدیلی سامنے آئی جب ڈائریکٹر جنرل ڈی جی ہیلتھ سروسز سندھ حیدرآباد، ڈاکٹر شہریار میمن نے اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کے لیے باضابطہ طور پر درخواست جمع کرا دی۔ اس پیشرفت کو صوبے کے طبی و انتظامی حلقوں میں خاصی اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، کونکہ موصوف گذشتہ کچھ عرصے سے محکمہ صحت میں مختلف اصلاحات اور اقدامات کے حوالے سے سرگرم عمل تھے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر شہریار میمن نے ذاتی وجوہات اور پیشہ ورانہ مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی مدتِ ملازمت کے دوران صوبے کے دور دراز اضلاع میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، ہسپتالوں کی بہتری اور انسدادِ پولیو سمیت دیگر اہم مہمات میں بھرپور کردار ادا کیا اور اب وہ اس عہدے سے سبکدوشی چاہتے ہیں۔دوسری جانب، محکمہ صحت سندھ اور سیکرٹریٹ کی سطح پر ان کی اس درخواست پرغور شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شہریار میمن کے استعفیٰ یا سبکدوشی کی درخواست پر تمام قانونی اور انتظامی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں، اور جلد ہی اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جار کیے جانے کا امکان ہے۔ محکمہ صحت کے امور کو چلانے کے لیے متبادل ناموں پر بھی مشاورت کا عمل جاری ہے تاکہ صحت کے اداروں میں روزمرہ کے امور متاثر نہ ہوں۔واضح رہے کہ حیدرآباد میں قائم ڈی جی ہیلتھ آفس سندھ کے ماتحت پورے صوبے کے اضلاع کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی نگرانی کی جاتی ہے۔ اس اہم ترین عہدے پر نئی تقرری کے حوالے سے طبی حلقوں میں چہگوئیاں شروع ہو چکی ہیں، اور ہر کوئی اس بات کا منتظر ہے کہ حکومت سندھ اس کلیدی عہدے پر کس تجربہ کار اور قابل افسر کو تعینات کرتی ہے جو صوبے کے طبی مسائل کو مؤثر انداز میں حل کر سکے۔