بی آئی ایس پی کا خواتین کے لیے اہم انتباہ: وظائف میں کٹوتی ناقابلِ قبول، مفت سم کے حصول کے لیے 10 ستمبر کی ڈیڈلائن مقرر

اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے تمام رجسٹرڈ مستحق خواتین کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ وظائف پر مکمل اور بلا شرکتِ غیرے صرف ان کا حق ہے، اس لیے وہ پوری رقم وصول کریں۔
ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق کسی بھی فرد یا ایجنٹ کو ادائیگی روکنے، کٹوتی کرنے یا اضافی رقم کا تقاضا کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔ مستحق خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بلیک میلنگ یا دباؤ کا شکار نہ بنیں اور اپنے پیسے پورے لیں۔ ادائیگی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا غیر قانونی کٹوتی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر 0800-26477 پر شکایت درج کروائیں۔
مفت سم کا لازمی حصول:
حکام نے بی آئی ایس پی کی سہ ماہی قسط حاصل کرنے کے لیے مفت سم کے اندراج اور وصولی کی آخری تاریخ 10 ستمبر مقرر کر دی ہے۔ مستحق خواتین کے لیے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے یہ سم حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے تنبیہ کی ہے کہ مقررہ تاریخ تک سم حاصل نہ کرنے والی خواتین کے اکاؤنٹس میں کفالت پروگرام کی اگلی قسط منتقل نہیں کی جا سکے گی۔