پمز آتشزدگی: نرس رضیہ نورین کی بے مثال بہادری کی عالمی سطح پر گونج، امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کا زبردست خراج تحسین

اسلام آباد : پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کے دوران نرس رضیہ نورین کی جانب سے دکھائی گئی غیر معمولی جرات کی دنیا بھر میں تحسین کی جا رہی ہے۔ معروف امریکی جریدے ’واشنگٹن پوسٹ‘ نے بھی اس بہادری پر خصوصی رپورٹ شائع کرتے ہوئے لکھا ہے کہ رضیہ نے اپنی جان داؤ پر لگا کر محض 8 سیکنڈز کے اندر نومولود کو شعلوں کے درمیان سے بحفاظت نکال لیا۔
امریکی اخبار نے نشاندہی کی کہ رضیہ نورین کو اس بے باک عمل پر ملک بھر میں ایک ’قومی ہیرو‘ کا درجہ حاصل ہو چکا ہے، جبکہ حکومت پاکستان نے ان کے اس فداکارانہ کردار کے اعتراف میں انہیں ’ستارہ خدمت‘ اور نقد مالی انعام سے نوازنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آگ کے لپٹوں میں داخل ہوتے ہوئے رضیہ کے پیشِ نظر اپنی حفاظت کے بجائے معصوم بچوں کی زندگی بچانا تھی۔ اخبار سے بات کرتے ہوئے رضیہ نورین کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد ہیرو بننا ہرگز نہیں تھا، بلکہ انہوں نے ایک پیشہ ور نرس اور ایک ماں کا فریضہ یاد رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کی۔