ریاض میں عالمی ٹیکنالوجی کانفرنس لیپ 2026 کا آغاز، پاکستان پویلین کا افتتاح

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کانفرنس لیپ 2026 کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے پاکستان پویلین کا افتتاح کردیا۔

چار روزہ عالمی ٹیکنالوجی ایونٹ میں دنیا بھر سے ٹیکنالوجی ماہرین، سرمایہ کار، اسٹارٹ اپس اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندے شریک ہیں۔ کانفرنس میں 1800 سے زائد ٹیکنالوجی برانڈز، 600 سے زائد اسٹارٹ اپس، 1900 سرمایہ کار اور ایک ہزار سے زائد مقررین شرکت کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے لیپ 2026 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔ پاکستان پویلین میں پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جدید مصنوعات، ڈیجیٹل خدمات اور مختلف آئی ٹی سلوشنز عالمی شرکا کے سامنے پیش کیے جارہے ہیں۔

لیپ 2026 میں 20 پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیاں خصوصی پویلین میں شریک ہیں، جبکہ تقریباً 25 پاکستانی اسٹارٹ اپس بھی عالمی سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سامنے اپنی مصنوعات اور خدمات متعارف کرا رہے ہیں۔

پاکستانی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کی شرکت کا مقصد عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں ملک کی آئی ٹی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا اور پاکستانی ٹیکنالوجی شعبے کے لیے نئی کاروباری شراکت داریوں کی راہ ہموار کرنا ہے۔

لیپ 2026 میں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل سروسز، اسٹارٹ اپس اور سرمایہ کاری سمیت ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے