سکھر: ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب احمد علی قریشی کا سینٹرل جیل کا دورہ، قیدیوں کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ

​سکھر (خصوصی رپورٹ): ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب سندھ سکھر احمد علی قریشی نے سینٹرل جیل و اصلاح گھر سکھر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے قیدیوں کو سندھ جیل مینوئل کے مطابق دی جانے والی طبی سہولیات، خوراک، صفائی ستھرائی، رہائش اور عدالتی پیشیوں کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
​دورے کے دوران انہوں نے جیل اسپتال، دستکاری مرکز، مختلف بیرکوں، سیلز اور ایڈمن بلاک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بعض بیرکوں کی خستہ حالی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری مرمت اور دیکھ بھال کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے زور دیا کہ قیدیوں کے بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ اور قانونی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
​جیل سپرنٹنڈنٹ امتیاز نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سینٹرل جیل 32 بیرکوں اور 267 سیلز پر مشتمل ہے، جہاں اس وقت 173 خطرناک قیدیوں سمیت مجموعی طور پر 1,704 اسیران موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 8 ملاقات بوتھ، اسپتال، اسکول اور دستکاری مرکز مکمل فعال ہیں اور خدمات سندھ جیل مینوئل کے تحت دی جا رہی ہیں۔
​ریجنل ڈائریکٹر احمد علی قریشی نے قیدیوں کی فلاح، صحت اور صفائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور جائز شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے نوجوان قیدیوں کے لیے مقابلے کے امتحانات (Competitive Exams) کی تیاری کی غرض سے کتب فراہم کرنے کا اعلان کیا اور جیل کے احاطے میں یادگاری پودا بھی لگایا۔