سکھر (خصوصی رپورٹ): ڈائریکٹر سول ڈیفنس سندھ ریاض حسین لغاری اور ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس سکھر نادر شہزاد خان کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سکھر میڈم بشرہ منصور کی سربراہی میں سول ڈیفنس کے اعلیٰ سطحی وفد نے چلڈرن ہسپتال اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز (ایس آئی سی وی ڈی) کا تفصیلی دورہ کیا۔ معائنے کے دوران دونوں طبی مراکز میں فائر سیفٹی ایس او پیز اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور مجموعی تیاریوں کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔
وفد میں ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان، انچارج آفیسر میاں جہانگیر عباسی، پوسٹ وارڈن محمود احمد، انچارج آفیسر فائر سیفٹی لالا ریحان پٹھان اور ڈپٹی پوسٹ وارڈن احسن راجپوت شامل تھے۔ معائنے کے دوران آگ بجھانے والے آلات، ایمرجنسی ایگزٹس، الارم سسٹمز اور دیگر حفاظتی تدابیر کا معائنہ کیا گیا، جہاں دونوں ہسپتالوں کی انتظامیہ کی جانب سے ضابطہ اخلاق پر بہترین عمل درآمد دیکھنے میں آیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میڈم بشرہ منصور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “محفوظ سکھر” کے قیام کے لیے سرکاری و نجی تمام اداروں میں فائر سیفٹی پروٹوکولز پر مکمل عمل درآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ محض جدید آلات کی موجودگی کافی نہیں بلکہ عملے کی باقاعدہ تربیت اور ریسکیو کی عملی مشقیں بھی جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کے لیے لازمی ہیں۔ انہوں نے سول ڈیفنس کی جانب سے جاری آگاہی اور تربیتی مہمات کو سراہتے ہوئے ان کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ سول ڈیفنس کا بنیادی ہدف اداروں کو ہنگامی حالات کے لیے تیار رکھنا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی واقعے کی صورت میں فوری رسپانس دیا جا سکے۔ دورے کے اختتام پر حکام نے ہسپتال انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ شہر بھر میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس کے معائنوں کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔