واٹس ایپ اب صرف چیٹنگ ایپ نہیں: میٹا کا پلیٹ فارم کو ڈیجیٹل والیٹ میں بدلنے کا بڑا فیصلہ

دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ اپنے دائرہ کار کو مزید وسعت دیتے ہوئے صارفین کے لیے ایک مکمل ڈیجیٹل والیٹ میں تبدیل ہونے جا رہی ہے۔ میٹا کی زیرِ ملکیت یہ پلیٹ فارم اب صرف تحریری، صوتی اور ویڈیو پیغامات تک محدود نہیں رہے گا بلکہ صارفین اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے باآسانی مالی لین دین اور رقم کی ترسیل بھی کر سکیں گے۔

تیار کیے جانے والے نئے فیچر کے تحت صارفین کو کسی بینکنگ ایپلی کیشن پر جائے بغیر براہِ راست چیٹ کے اندر سے رقم منتقل کرنے، اپنے کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات محفوظ کرنے اور ادائیگی کے عمل کو منظم انداز میں چلانے کی سہولت میسر آئے گی۔ صارف محض مطلوبہ رابطہ منتخب کر کے رقم درج کرے گا اور واٹس ایپ چھوڑے بغیر فوری طور پر پیسے بھیج سکے گا۔

اس جدید نظام کے تحت صارفین کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز، ایکسپائری تاریخ، سی وی وی کوڈ کے ساتھ ساتھ بلنگ کا پتہ، ڈاک کا پتہ اور دیگر ذاتی معلومات بھی محفوظ رکھی جا سکیں گی۔ صارفین کے تحفظ اور پرائیویسی کے لیے ایک ایسا کنٹرول پینل بھی فراہم کیا جائے گا جس کے ذریعے وہ اپنی محفوظ کردہ معلومات کو جب چاہیں ڈاؤن لوڈ یا مستقل طور پر حذف کر سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ کے آئی او ایس بیٹا ورژن میں ابتدائی آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے اور فی الحال عام بیٹا ٹیسٹرز کے لیے بھی دستیاب نہیں ہے۔ میٹا کی جانب سے اس فیچر کے باضابطہ اجرا اور مختلف ممالک میں دستیابی کی حتمی تاریخ کا اعلان ٹیسٹنگ مکمل ہونے کے بعد متوقع ہے۔