مسلح افواج کی قوم کو 79ویں یومِ آزادی پر مبارکباد

فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف نوید اشرف نے قوم کو 79ویں یومِ آزادی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ آزادی کے تمام رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ قائداعظم اور بانیانِ پاکستان کا وژن اور عزم آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔مسلح افواج نے پاکستان کی آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو سلام پیش کیا اور غازیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور محب وطن شہریوں کی خدمات کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ مسلح افواج آئین کی پاسداری کرتے ہوئے قوم کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داریاں ادا کرتی رہیں گی۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی اصل طاقت قوم کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے۔ یومِ آزادی کے موقع پر قومی یکجہتی، برداشت اور نظم و ضبط کو فروغ دینے اور محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
مسلح افواج نے کہا کہ پاکستان کی آزادی، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے۔