سعودی عرب نے پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) رکھنے والے پاکستانی نژاد افراد کو پہلی بار پاکستانی حج کوٹے میں شامل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔وزارتِ مذہبی امو کے مطابق پاکستان کے مجموعی حج کوٹے کا ایک فیصد پی او سی کارڈ ہولڈرز کے لیے مختص کیا جائے گا، جس کے تحت تقریباً 1,792 پاکستانی نژاد افراد پہلی مرتبہ پاکستانی کوٹے پر فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔نئی سہولت کے تحت پی او سی کارڈ رکھنے والے افراد سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ یہ فیصلہ ان پاکستانی نژاد افراد کے لیے اہم پیش رفت ہے جنہوں نے ماضی میں پاکستانی شہریت اور پاسپورٹ ترک کردیا تھا۔وزارتِ مذہبی امور کے مطابق پی او سی ہولڈرز کو حج ویزا جاری کرنے کے لیے یہ شرط ہوگی کہ سعودی ویزا کے اجرا میں کوئی قانونی یا انتظامی رکاوٹ موجود نہ ہو۔وزارتِ مذہبی امور پی او سی کارڈ ہولڈرز کے لیے حج درخواستوں اور نئی شرائط کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔ درخواست فارم میں سعودی وزارتِ حج کی جانب سے مقرر کردہ شرائط بھی شامل کی جائیں گی۔متعلقہ حکام کو پی او سی کارڈ ہولڈرز کے لیے اس نئی سہولت سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔پی او سی ایسے غیر ملکی شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے جو ماضی میں پاکستانی شہری رہے ہوں یا جن کا پاکستانی پس منظر ہو۔ نئی پالیسی کے تحت پہلی مرتبہ ایسے افراد کو پاکستان کے حج کوٹے سے فریضہ حج ادا کرنے کا موقع ملے گا