ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کی اسحاق ڈار سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھ

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں دفتر خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایک دہائی کے بعد ناروے کے کسی وزیر خارجہ کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ اس موقع پر اسحاق ڈار اور ایسپن بارتھ ایڈے کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے قریبی اور مضبوط تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد آباد ہے، جبکہ ناروے کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ایسپن بارتھ ایڈے نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے اور عالمی امن کے لیے مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا، جس کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کی امن کوششوں کو پذیرائی ملی۔ناروے کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ کشیدگی عالمی امن اور معیشت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے مشکل وقت میں پاکستانی قیادت کے جراتمندانہ کردار کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔