بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، اہم سرغنہ سمیت 5 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت پنجگور کے علاقوں سرکینی اور چھیدگی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے۔ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹرسائیکلیں، مشین گنز، بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد پنجگور میں مقامی تاجروں اور دیگر شہریوں سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔علاقے میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔