27 ستمبر کو احتجاج کی قیادت خود کروں گا، کم از کم 20 لاکھ افراد شریک ہوں گے: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو احتجاج کا اعلان پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے اور وہ خود اس احتجاج کی قیادت کریں گے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ احتجاج میں کم از کم 20 لاکھ افراد شریک ہوں گے۔ڈیجیٹل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ پوری قیادت اس بات پر متفق ہے کہ مزاحمت کے سوا اب کوئی راستہ نہیں بچا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کامیابی کے عزم کے ساتھ میدان میں نکلیں گے، جبکہ انہیں مذاکرات کی پیشکش کے بجائے صرف دھمکیاں مل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتجاج ایک روزہ ہوگا، تاہم یہ ایک جگہ کے بجائے مختلف مقامات پر کیا جائے گا۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت کی صورتحال سنگین ہونے کی صورت میں ہنگامی کال دی جاسکتی ہے، تاہم اس کے باوجود 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی کال برقرار رہے گی۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر انہیں نااہل یا گرفتار کیا گیا تو پارٹی کا جھنڈا کوئی اور تھامے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتاری کے بعد کی حکمت عملی سے متعلق ویڈیو ریکارڈ کروا دی ہے اور پارٹی قیادت کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔دوسری جانب شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ نہ کبھی 27 ستمبر آئے گی اور نہ ہی احتجاج ہوگا۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ وہ مقدمات کی میرٹ پر سماعت اور عدالت کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کی رہائی چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی بحالی دوسرا اہم مطالبہ ہے، اور دونوں مطالبات منظور ہونے تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔