ایران کے راستے غیر قانونی بارڈر پار کرانے والا نیٹ ورک پکڑا گیا، 2 مسافر زیرِ حراست

ملتان: ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے ایران کے راستے غیر قانونی طور پر سرحد پار کرانے میں ملوث منظم نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا، جبکہ بیرونِ ملک سے واپس آنے والے دو مسافروں کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا۔ایف آئی اے کے مطابق زیرِ حراست مسافروں کی شناخت صفدر اقبال اور فیصل شہزاد کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے۔ دونوں مسافر یو اے ای سے پرواز جی 9558 کے ذریعے ملتان پہنچے تھے۔امیگریشن کلیئرنس کے دوران دونوں مسافروں کا سفری ریکارڈ سسٹم میں موجود نہیں تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دونوں نے غیر قانونی طریقے سے تفتان بارڈر عبور کرکے ایران کے راستے عراق کا سفر کیا تھا۔ایف آئی اے کے مطابق ٹریول ایجنٹ ناصر نے ملازمت کا جھانسہ دے کر دونوں مسافروں کو غیر قانونی طریقے سے پاکستان سے باہر جانے میں سہولت فراہم کی اور انہیں عراق پہنچانے کا انتظام کیا۔مسافروں نے بتایا کہ عراق پہنچنے کے بعد عراقی پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور وہ 7 روز تک پولیس کی حراست میں رہے۔ ایک مسافر نے یہ بھی بتایا کہ اسے اس سے قبل ترکیہ سے ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے۔ایف آئی اے نے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے معاملہ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کو منتقل کردیا ہے۔