اسلام آباد، 8 اگست 2026: پاکستان کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے پاکستان کرکٹ چھوڑنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے انہیں جعلی اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔سوشل میڈیا پر گزشتہ کچھ عرصے سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ خوشدل شاہ پاکستان کرکٹ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، تاہم آل راؤنڈر نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خوشدل شاہ نے کہا کہ یہ جعلی خبریں گردش کر رہی ہیں جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ چھوڑ رہے ہیں، جو بالکل غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کا گھر ہے اور ملک کی نمائندگی کرنا ہمیشہ ان کی اولین ترجیح اور سبسے بڑا اعزاز رہا ہے۔
خوشدل شاہ نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر یقین نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ ان کی وابستگی میں کبھی تبدیلی نہیں آئی اور نہ ہی آئندہ آئے گی۔