او آئی سی کا سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے مابین مکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاع سے متعلق ’’مکہ معاہدے‘‘ پر دستخط کا خیرمقدم کیا ہے۔او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو ایک اہم تزویراتی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا عکاس ہے۔او آئی سی کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں سیکریٹری جنرل نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے اور پوری مسلم دنیا میں سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ بڑھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور او آئی سی کے رکن ممالک میں یکجہتی کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔حسین ابراہیم طہٰ نے تینوں ممالک کی قیادت اور ان کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، خوشحالی اور عالمی برادری کے لیے مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔دوسری جانب قطر کے سابق وزیرِاعظم حمد بن جاسم بن جابر آل ثانی نے بھی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم معاہدہ اور امید پیدا کرنے والا قدم قرار دیا ہے۔