میڈرڈ، 8 اگست 2026: اسپین نے غیر قانونی ہجرت کے معاملے پر اٹلی کے ساتھ جاری سفارتی تنازع کے دوران اٹلی سے آنے والے مسافروں کے لیے عارضی سرحدی جانچ نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔روئٹرز کے مطابق اسپین کی حکومت نے کہا ہے کہ ہفتے کی نصف شب سے 7 ستمبر تک اٹلی سے آنے والی پروازوں اور بحری جہازوں کے مسافروں کی سرحد پر جانچ کی جائے گی۔ اس دوران اطالوی شہریوں سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے پاسپورٹ قومیت اور ویزوں کی جانچ کی جائے گی۔اسپین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اٹلی کی جانب سے عائد کیے گئے سرحدی اقدامات کے جواب میں کیا گیا ہے۔ میڈرڈ کے مطابق اسے اٹلی کی جانب سے مسلسل غیر قانونی مائیگریشن کے دباؤ کا سامنا ہے۔دوسری جانب اٹلی نے کہا ہے کہ وہ اسپین کی جانب سے دیے گئے الٹی میٹم یا مسلط کردہ احکامات کے سامنے نہیں جھکے گا اور کم از کم 15 اگست تک اسپین سے آنے والے مسافروں پر سرحدی جانچ جاری رکھے گا۔اطالوی حکومت کے مطابق وہ اپنے فیصلے پر اس وقت نظرثانی کرے گی جب اسے یقین ہو جائے گا کہ سیکیورٹی یا دہشت گردی کا کوئی خطرہ موجود نہیں، ہجرت کی نئی لہر نہیں آ رہی اور کوئی غیر قانونی تارک وطن یورپی علاقے کی جانب نہیں بڑھ رہا۔رپورٹس کے مطابق 30 جولائی کو اسپین کے شمالی افریقی علاقے سیوٹا میں مراکش سے بڑی تعداد میں تارکین وطن کی آمد کے بعد اٹلی نے سرحدی اقدامات کیے تھے۔ اس معاملے پر دونوں یورپی ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔اسپین کے حکام کے مطابق بیشتر تارکین وطن رضاکارانہ طور پر مراکش واپس جا چکے ہیں، تاہم سیوٹا میں تقریباً 1400 بے سہارا بچے موجود ہیں، جبکہ علاقے میں سرحدی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے