اسلام آباد، 8 اگست 2026: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے رشوت اور بھتہ خوری کے الزام میں کسٹمز کے تین افسران کو گرفتار کر لیا۔گرفتار افسران میں ایک سپرنٹنڈنٹ اور دو انسپکٹر شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے کسٹمز کے ایک کیس میں مبینہ رعایت دینے کے عوض 50 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی، جو بعد ازاں 25 لاکھ روپے میں طے ہوئی۔ملزمان نے رقم نہ دینے کی صورت میں متاثرہ شخص کے اہل خانہ کو مقدمے میں ملوث کرنے اور ہراساں کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ایف آئی اے نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں سیکٹر آئی ایٹ کے ایک کیفے میں کارروائی کی، جہاں ایک کسٹمز انسپکٹر کو مبینہ طور پر پانچ لاکھ روپے رشوت کی پہلی قسط وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں دیگر دو افسرانو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
حکام کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز کی فارنزک جانچ کے دوران شہریوں سے رقم بٹورنے اور ان کے خاندانوں کو ہراساں کرنے سے متعلق شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔