سلامتی کونسل کی سوات خودکش حملے کی شدید مذمت، پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سوات میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور گھناؤنا دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔ جاری اعلامیے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا، شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی گئی۔ سلامتی کونسل نے کہا کہ دہشت گردی عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور کسی بھی مقصد یا جواز کے تحت قابل قبول نہیں۔ کونسل نے حکومت اور عوامِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تمام رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ پاکستان سے بھرپور تعاون کریں، جبکہ حملے میں ملوث دہشت گردوں، سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا۔