آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے پر ایران کا پاکستان کو مثبت اشارہ، مذاکرات میں پیش رفت

عربیہ نیوز کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے معاملے پر پاکستان کو مثبت اشارے دے دیے ہیں، جبکہ علاقائی نگرانی اور عالمی تجارتی راستوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایران آبنائے ہرمز سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی پانچویں شق میں سیکیورٹی ضمیمہ اور بنیادی سیکیورٹی نکات شامل کرنے پر آمادہ ہو گیا ہے۔دوسری جانب ایران اور عمان کے درمیان بھی آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات میں پیش رفت جاری ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ محفوظ بحری آمدورفت سے متعلق بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی خودمختاری کو مدنظر رکھتے ہوئے آبنائے ہرمز میں آمدورفت کے لیے نیا طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے، جس کے لیے تکنیکی اور سیاسی سطح پر مذاکرات تعمیری رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حتمی معاہدے کا اعلان تمام مذاکرات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔اس حوالے سے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ مختلف معاملات پر مسلسل مذاکرات جاری ہیں۔امریکی وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ ایران کے ساتھ آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کا معاہدہ آج یا کل تک طے پا سکتا ہے۔ ان کے مطابق ممکنہ معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آزادانہ آمدورفت یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ صورتحال کشیدہ ہے، تاہم اس وقت بھی متعدد تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر رہے ہیں۔