راولپنڈی: ڈھوک علی اکبر سے اڑھائی سالہ بچہ مبینہ اغوا، پولیس کا سرچ آپریشن جاری

راولپنڈی (3 اگست 2026): راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کی حدود ڈھوک علی اکبر سے اڑھائی سالہ بچے کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ پولیس نے بچے کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، اڑھائی سالہ عمیر گھر سے باہر نکلا لیکن واپس نہ آیا۔ اہل خانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت کافی تلاش کی، تاہم بچے کا کوئی سراغ نہ مل سکا، جس کے بعد واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔پولیس نے بچے کے دادا کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں ایک مشتبہ شخص کو بچے کو گلی سے لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے مشتبہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، جبکہ بچے کی جلد اور محفوظ بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔