تہران (3 اگست 2026): ایران نے موساد کے لیے مبینہ جاسوسی کے الزام میں سزا پانے والے دو افراد کو پھانسی دے دی۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا کے مطابق، پھانسی پانے والوں کی شناخت امید بہزاد اور پوریا صفوت کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہیں غداری اور اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔
ایرانی عدلیہ کے مطابق، دونوں افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران ایرانی فوجی اور سیکیورٹی تنصیبات سے متعلق کوآرڈینیٹس، تصاویر اور حساس معلومات موساد کے اہلکاروں کو فراہم کیں، جس کے بعد عدالت نے انہیں سزائے موت سنائی۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ اسرائیلی حملوں اور بعد ازاں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا۔ حکام کے مطابق، انٹیلی جنس معلومات کی فراہمی کو قومی سلامتی کے خلاف سنگین جرم قرار دیتے ہوئے سزا پر عمل درآمد کیا گیا۔واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات سیکیورٹی ضمانتوں اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی سمیت مختلف معاملات پر اختلافات کے باعث تعطل کا شکار ہیں، جبکہ خطے میں کشیدگی بھی برقرار ہے۔