کراچی (2 اگست 2026): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں کراچی میں مہاجرین کی دو نشستوں پر پولنگ جاری ہے، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔حلقہ ایل اے 34 جموں ون اور حلقہ ایل اے 40 کشمیر ویلی ون میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ ایل اے 34 جموں ون میں 17 جبکہ ایل اے 40 کشمیر ویلی ون میں 11 امیدوار مدمقابل ہیں۔دونوں حلقوں میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 1,200 ہے، جن میں 616 مرد اور 584 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ووٹنگ کے لیے محمود آباد، گلشن اقبال، ٹیپو سلطان اور سولجر بازار میں پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔سیکیورٹی کے لیے پولنگ اسٹیشنوں پر 325 پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ حساس مقامات اور پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف رینجرز کی موبائلیں بھی گشت کر رہی ہیں۔