اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اور نجی بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ “وزیراعظم اپنا گھر اسکیم” کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ فنانسنگ فراہم کریں تاکہ کم آمدنی اور متوسط طبقے کے افراد کو اپنی رہائش کا خواب پورا کرنے میں مدد مل سکے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت “وزیراعظم اپنا گھر اسکیم” پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، ریاض حسین پیرزادہ، احد چیمہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت غریب اور متوسط طبقے کے لیے “وزیراعظم اپنا گھر اسکیم” شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ اہل افراد جلد از جلد اپنے گھروں کے مالک بن سکیں۔ وزیراعظم نے ماڈل ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران حکام نے اسکیم کی پیش رفت اور مالیاتی امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بینک اب تک مجموعی طور پر 204 ارب روپے کی فنانسنگ منظور کر چکے ہیں، جن میں سے 27 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اسکیم کی نگرانی کے لیے وزارتِ ہاؤسنگ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان ہر ہفتے پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مانیٹرنگ کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کم آمدنی والے طبقے کو باوقار رہائش کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔