نیشنل سیونگز نے ڈیجیٹل ایپ متعارف کرا دی، صارفین کو گھر بیٹھے مالی خدمات کی سہولت

اسلام آباد: سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے صارفین کی سہولت کے لیے “نیشنل سیونگز ڈیجیٹل ایپ” متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے مختلف مالی خدمات اب موبائل فون پر دستیاب ہوں گی۔

ادارے کے مطابق، اس اقدام کا مقصد صارفین کو دفاتر کے چکر لگانے اور طویل انتظار سے بچاتے ہوئے محفوظ، آسان اور جدید ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

نئی ایپ کے ذریعے صارفین اپنے اکاؤنٹ کا بیلنس چیک کر سکیں گے، ای اسٹیٹمنٹ حاصل کر سکیں گے اور اپنے تمام مالی لین دین کی مکمل تفصیلات اور ٹرانزیکشن ہسٹری بھی دیکھ سکیں گے۔

نیشنل سیونگز کا کہنا ہے کہ صارفین گھر بیٹھے مختلف ڈیجیٹل سرمایہ کاری مصنوعات خریدنے کے ساتھ ساتھ اپنی سرمایہ کاری کی موجودہ صورتحال اور حاصل ہونے والے منافع کی تفصیلات بھی معلوم کر سکیں گے۔

ادارے کے مطابق یہ موبائل ایپ اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔

صارفین کی رہنمائی کے لیے اے ٹی ایم اور موبائل ایپ سے متعلق ہیلپ لائنز بھی قائم کی گئی ہیں، جبکہ مزید معلومات کے لیے سرکاری ویب سائٹ، ای میل یا قریبی نیشنل سیونگز سینٹر سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔