ناران کاغان جاتے سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گر گئی، 2 نوجوان جاں بحق، 3 زخمی

خان پور: ناران کاغان کی سیر کے لیے جانے والے سیاحوں کی گاڑی خان پور کے قریب گہری کھائی میں گرنے سے دو نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق نواب شاہ اور خان پور سے تعلق رکھنے والے نوجوان تفریحی سفر پر ناران کاغان جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔حادثے کے نتیجے میں 22 سالہ حمزہ اور 20 سالہ عرفان مغل موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ تین نوجوان شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں شامل اسامہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو کھائی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والا عرفان مغل نواب شاہ کا رہائشی تھا، جو خان پور میں اپنے رشتہ داروں کے پاس آیا ہوا تھا۔ وہاں سے تمام نوجوان ناران کاغان کی سیر کے لیے روانہ ہوئے تھے کہ راستے میں المناک حادثے کا شکار ہو گئے۔ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جاں بحق نوجوانوں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں خان پور اور نواب شاہ روانہ کر دی گئی ہیں۔