سندھ میں 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کا عمل تیز

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے غریب اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے مستحق خاندانوں کو مفت سولر ہوم سسٹم فراہم کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت سندھ بھر میں 2 لاکھ 75 ہزار مستحق خاندانوں کو مفت سولر ہوم سسٹم فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد کم آمدنی والے گھرانوں کو سستی اور پائیدار توانائی مہیا کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سولر سسٹمز کی تقسیم اور تنصیب کا عمل تیز کیا جائے تاکہ دور دراز اور بجلی سے محروم علاقوں کے عوام کو جلد از جلد سہولت فراہم کی جا سکے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مستحق خاندانوں تک سولر کٹس کی شفاف اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے، جبکہ منصوبے میں بجلی سے محروم علاقوں کو ترجیح دی جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور سولر سسٹمز کی تنصیب، تکنیکی معاونت اور بعد از تنصیب دیکھ بھال کے لیے بھی مؤثر نظام قائم کیا جائے۔