امریکا نے سعودی عرب کے لیے تقریباً 2 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے کی منظوری دے دی

واشنگٹن (16 جولائی 2026): امریکا نے سعودی عرب کو تقریباً 1.96 ارب ڈالر مالیت کے دفاعی سامان کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس معاہدے کا مقصد سعودی عرب کی فضائی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب امریکا کا اہم اتحادی ہے اور اس کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ خطے کے استحکام میں مددگار ہوگا۔معاہدے کے تحت سعودی عرب جدید APKWS-II گائیڈڈ ہتھیاروں کے نظام، لانچرز، راکٹ موٹرز، وارہیڈز، فیوز، مرمتی پرزے، تربیتی سامان، تکنیکی دستاویزات اور لاجسٹک معاونت حاصل کرے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے سعودی عرب کی دفاعی تیاری بہتر ہوگی اور وہ موجودہ سیکیورٹی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹ سکے گا۔حکام کے مطابق اس معاہدے کا مرکزی ٹھیکیدار امریکی کمپنی بی اے ای سسٹمز ہوگی۔

یہ منظوری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان کشیدگی میں دوبارہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حال ہی میں حوثیوں نے سعودی شہر ابہا کے ہوائی اڈے پر میزائل حملے کیے تھے، جس کے بعد خطے کی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔