امریکی اخبار کا دعویٰ: ٹرمپ ایران میں فوجی کارروائی بڑھانے پر غور کر رہے ہیں

واشنگٹن (16 جولائی 2026): امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائی بڑھانے کے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اعلیٰ حکام سے کئی روز تک بریفنگ لینے کے بعد فضائی حملوں میں اضافہ، آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی جزائر پر قبضے کے لیے زمینی فوج بھیجنے اور ایران کے اہم مقامات کو نشانہ بنانے جیسے آپشنز پر غور کیا۔اخبار کے مطابق منگل کی شام ہونے والے اجلاس میں امریکی حکومتی اور فوجی حکام نے جزیرہ خرگ، دیگر اہم علاقوں اور ایک سرنگی کمپلیکس پر ممکنہ کارروائی پر بھی بات چیت کی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں ایران کی جوہری تنصیبات اور توانائی کے مراکز کو نشانہ بنانے کے امکانات بھی زیر غور آئے۔دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ ایران کو کسی کارروائی کی ڈیڈ لائن دینا پسند نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران بات چیت کرنا چاہتا ہے، لیکن پہلے اسے اپنا رویہ بہتر کرنا ہوگا، پھر کسی ممکنہ معاہدے پر غور کیا جا سکتا ہے۔