: ڈاکٹر آکاش قتل کیس: واردات کی منصوبہ بندی گینگ سربراہ نے کی، گرفتار ملزمان کے اہم انکشافات

کراچی (16 جولائی 2026): ڈاکٹر آکاش قتل کیس کی تفتیش کے دوران گرفتار تین ملزمان نے پولیس کو واردات سے متعلق اہم تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق واردات کی منصوبہ بندی ڈکیت گینگ کے سربراہ اسلم عرف بابا نے کی تھی، جبکہ واردات کے روز بھی وہ دیگر ساتھیوں کے ساتھ ایک گاڑی میں موجود رہ کر ہدایات دیتا رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی گاڑی کے ذریعے ڈاکٹر آکاش کی گاڑی کا تعاقب کیا گیا۔تفتیش میں سامنے آیا کہ واردات کے فوراً بعد لوٹی گئی رقم آپس میں تقسیم کر لی گئی۔ ایک ملزم کو ایک لاکھ 25 ہزار روپے ملے، جبکہ ملزم رام چند کے حصے میں 70 ہزار روپے آئے۔ رام چند نے ان میں سے 30 ہزار روپے اپنے مکان مالک کو دے دیے۔
پولیس کے مطابق لوٹی گئی رقم رام چند نے اپنے بھائی کشور کو گاؤں بھیجی، جس کے لیے ایزی پیسہ سروس استعمال کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رام چند اور گینگ کے سربراہ اسلم عرف بابا کی ملاقات 2021 میں لانڈھی جیل میں ہوئی تھی، جہاں دونوں کے درمیان دوستی ہوئی اور بعد ازاں انہوں نے ڈکیت گینگ تشکیل دیا۔پولیس کے مطابق رام چند قائد آباد کا رہائشی ہے اور فرمان نامی شخص کے گھر کرایہ دار تھا۔ ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اور اس کے ساتھی صرف رواں ماہ بینکوں کے باہر تین ڈکیتیوں میں ملوث رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔