کراچی: گگھر پھاٹک کے قریب کم عمر بچی کا نکاح پڑھانے سے انکار کرنے پر ایک مولوی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ پانچ ملزمان کے خلاف درج کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں متاثرہ مولوی سعود احمد شر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کم عمر بچی کا نکاح پڑھانے سے انکار پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔متاثرہ مولوی سعود احمد شر کے مطابق نکاح سے قبل جب انہوں نے بچی کی عمر پوچھی تو بتایا گیا کہ اس کی عمر 14 سال ہے، جبکہ دولہے کی عمر تقریباً 40 سال تھی۔ اس پر انہوں نے قانون کے مطابق نکاح پڑھانے سے انکار کر دیا۔مولوی سعود احمد شر کا کہنا تھا کہ نکاح کے لیے مقررہ قانونی عمر 18 سال ہے، اسی وجہ سے انہوں نے کم عمر بچی کا نکاح پڑھانے سے انکار کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔