**ریاض (14 جولائی 2026):** یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہر ابہا میں واقع ابہا ایئرپورٹ پر متعدد بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا ہے۔ حملے کے بعد حوثی ملیشیا نے سعودی فضائی حدود استعمال کرنے والی تمام ایئرلائنز کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی وارننگ کو سنجیدگی سے لیں۔
رپورٹس کے مطابق حوثیوں کا کہنا ہے کہ یہ حملہ یمن کی سعودی حمایت یافتہ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز صنعا ایئرپورٹ پر کیے گئے حملے کے ردعمل میں کیا گیا۔
دوسری جانب خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے ابہا ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے حوثی ملیشیا کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثیوں کی کارروائی بین الاقوامی قوانین اور انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق یہ حملہ خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے اور شہریوں سمیت اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے خلاف مضبوط اور فیصلہ کن مؤقف اختیار کرے تاکہ ایسی کارروائیوں کو روکا جا سکے اور ذمہ دار عناصر کا احتساب ممکن بنایا جا سکے۔
سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ سعودی عرب کا امن و استحکام خلیج تعاون کونسل کے تمام رکن ممالک کا مشترکہ مفاد ہے، اور کونسل سعودی عرب کی سلامتی اور وہاں مقیم شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔