مریدکے: شیخوپورہ کے شہر مریدکے میں نویں جماعت کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم کے والد کو حراست میں لے لیا، جبکہ مرکزی ملزم تاحال مفرور ہے۔پولیس کے مطابق مقدمہ متاثرہ طالبہ کے والد عارف کی درخواست پر درج کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم سبحان عرف جیبو واقعے کے بعد سے فرار ہے، جبکہ اس کے والد کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دو ماہ قبل گاؤں ٹپیالہ دوست محمد میں پیش آیا، جہاں ملزم نے مبینہ طور پر طالبہ کو گھر میں اکیلا پا کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور واقعے کی ویڈیو بنا کر اسے دوسروں کے ساتھ شیئر کیا۔پولیس کے مطابق ملزم مبینہ طور پر ویڈیو کی بنیاد پر طالبہ کو قتل کی دھمکیاں دے کر خاموش رہنے پر مجبور کرتا رہا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔