ایران کا صدر ٹرمپ کو سخت جواب، “احترام نہ ہوا تو جواب بھی اسی انداز میں دیا جائے گا”

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محمد باقر ذوالقدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر احترام کے دائرے میں رہ کر بات نہیں کی گئی تو ایران بھی اسی انداز میں جواب دینے پر مجبور ہوگا۔ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد باقر ذوالقدر نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے نو کروڑ دس لاکھ ایرانی عوام کو دھمکیاں دینا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری، وقار اور عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر مناسب اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ باہمی احترام اور سفارتی آداب ہی مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ ہیں، تاہم اگر دھمکی آمیز زبان استعمال کی گئی تو ایران بھی اس کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایرانی حکام نے ایک بار پھر زور دیا کہ خطے میں استحکام اور امن کے لیے کشیدگی بڑھانے کے بجائے مذاکرات اور احترام پر مبنی پالیسی اختیار کی جانی چاہیے۔