مجتبیٰ خامنہ ای خیریت سے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، حداد عادل

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے سسر اور سینئر ایرانی رہنما ڈاکٹر غلام علی حداد عادل نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای خیریت سے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر رہ چکے ہیں اور موجودہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے بھی مشیر ہیں۔ حداد عادل نے پاکستانی حکومت کی جانب سے اظہارِ تعزیت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ہمدردی اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ایران اور امریکا کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی کوشش کی ہے، تاہم ایران کو امریکا پر اعتماد نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی زمینی حقائق سے آگاہ ہے، لیکن اس کے باوجود امید ہے کہ پاکستانی حکومت کی سفارتی کوششیں مثبت نتائج دے سکتی ہیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔