کراچی میں تاجروں کے خلاف ڈکیتیوں میں خطرناک اضافہ، تاجر سے 5 لاکھ روپے اور 3 موبائل فون چھین لیے گئے

کراچی میں تاجروں کے خلاف ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تازہ واقعے میں عزیز آباد کے رہائشی تاجر حمزہ نادر نامعلوم مسلح ملزمان کے ہاتھوں لٹ گئے، جن سے 5 لاکھ روپے نقد رقم اور 3 قیمتی موبائل فون چھین لیے گئے۔یہ واردات تھانہ عزیز آباد کی حدود میں پیش آئی، جہاں ملزمان کارروائی کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ واقعے کے بعد تاجروں میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے اور شہریوں نے بھی بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔موبائل اینڈ الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر منہاج گلفام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں تاجروں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مؤثر کارروائی نہیں کر رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرے اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 2 زخمیوں سمیت مجموعی طور پر 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ نارتھ کراچی میں 2 منٹ چورنگی کے قریب ہونے والے مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا موبائل فون برآمد کیا گیا، جبکہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے اللہ والا ٹاؤن کے قریب ایک اور مبینہ پولیس مقابلے میں بھی ایک ڈاکو ہلاک ہوا۔ پولیس کے مطابق گرفتار اور ہلاک ہونے والے ملزمان کے جرائم کا ریکارڈ بھی جانچا جا رہا ہے۔