فٹ بال ورلڈ کپ میں ٹیموں کی خراب کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچز کے استعفوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گھانا کی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کارلوس کوئروز ورلڈ کپ میں ٹیم کی شکست کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔73 سالہ کارلوس کوئروز نے رواں سال اپریل میں گھانا کی ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ ورلڈ کپ میں گھانا کی ٹیم گروپ ‘ایل’ میں شامل تھی اور اس نے گروپ مرحلے میں بہترین تیسری ٹیم کے طور پر راؤنڈ آف 32 کے لیے کوالیفائی کیا تھا، تاہم اس اہم میچ میں اسے کولمبیا کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔کارلوس کوئروز کا یہ مسلسل پانچواں ورلڈ کپ تھا، اس سے قبل وہ ایران، پرتگال اور مصر کی ٹیموں کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔اسی روز اردن کی ٹیم کے ہیڈ کوچ جمال سلامی نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اردن کی ٹیم گروپ ‘جے’ میں چوتھی پوزیشن پر رہی جس کے بعد انہوں نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ جاری ورلڈ کپ میں اب تک خراب کارکردگی کے بعد مجموعی طور پر پانچ ٹیموں کے ہیڈ کوچز مستعفی ہو چکے ہیں۔