مٹیاری کے گاؤں ولی محمد نظامانی میں کارروائی کے لیے پہنچنے والی سی آئی اے پولیس ٹیم پر مبینہ منشیات فروشوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر مبینہ منشیات فروش خان محمد عرف خانو نظامانی کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں موجود افراد نے پولیس ٹیم کو گھیر کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران سادہ لباس میں موجود دو اہلکار زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مٹیاری کے مختلف تھانوں سے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے گاؤں کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے دوران حملے اور منشیات فروشی کے شبہے میں 25 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق کارروائی کا مرکزی ملزم خان محمد عرف خانو نظامانی تاحال فرار ہے، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔