فیفا ورلڈ کپ 2026: انگلینڈ نے میزبان میکسیکو کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان میکسیکو کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس شکست کے ساتھ میکسیکو ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی دوسری میزبان ٹیم بن گیا۔انگلینڈ کی کامیابی میں جوڈ بیلنگھم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے صرف چند لمحوں کے اندر دو گول اسکور کیے، جبکہ کپتان ہیری کین نے پنالٹی پر ایک گول کر کے ٹیم کی برتری مستحکم کی۔میکسیکو کی جانب سے جولیان کوئینونیس اور راؤل خیمنیز نے ایک، ایک گول کیا، تاہم یہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ میچ کے دوسرے ہاف میں انگلینڈ کے جیرل کوانساہ کو خطرناک ٹیکل پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، جس کے بعد انگلش ٹیم نے دس کھلاڑیوں کے ساتھ میچ مکمل کیا۔بعد ازاں انگلینڈ کو انتھونی گورڈن پر فاؤل کے نتیجے میں پنالٹی ملی، جسے ہیری کین نے گول میں تبدیل کر دیا۔ بعد میں وی اے آر کے جائزے کے بعد میکسیکو کو بھی پنالٹی ملی، جس پر راؤل خیمنیز نے گول کر کے مقابلہ دلچسپ بنا دیا، لیکن انگلینڈ نے آخر تک اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے فتح اپنے نام کر لی۔ اب کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ ناروے سے ہوگا۔