پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت نے گلگت بلتستان کابینہ کے ارکان کا انتخاب خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کابینہ کے امیدواروں کے انٹرویو خود کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری 6 جولائی کو گلگت پہنچیں گے اور تین روز تک وہاں قیام کریں گے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کابینہ سے متعلق اپنی سفارشات بلاول بھٹو کو پیش کریں گے، جبکہ نامزد امیدواروں کی فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق کابینہ کے امیدواروں کا انتخاب ان کی تعلیمی قابلیت، تجربے اور صلاحیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ بلاول بھٹو حتمی منظوری سے قبل وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے بھی مشاورت کریں گے۔ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کابینہ 15 سے کم ارکان پر مشتمل ہونے کا امکان ہے، جس میں وزرا اور معاونین شامل ہوں گے، جبکہ اتحادی جماعت استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کو بھی کابینہ میں نمائندگی دی جائے گی۔