امریکا اور ایران کے مذاکرات کا اگلا دور 11 جولائی کو اسلام آباد میں ہونے کا امکان

عرب میڈیا آؤٹ لیٹ العربیہ نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 11 جولائی سے اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کو دوبارہ فعال کرنا ہے۔رپورٹ کے مطابق مجوزہ مذاکرات میں ایران پر عائد عالمی پابندیوں کے خاتمے، بیرونِ ملک منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی اور ایران کے جوہری پروگرام سمیت اہم اور حساس امور پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی وفد کی قیادت اور ارکان کے بارے میں باضابطہ اعلان سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے بعد کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات واشنگٹن اور تہران کے درمیان کئی ماہ سے جاری بالواسطہ رابطوں کا تسلسل ہیں، جن کا مقصد کشیدگی میں کمی اور جوہری پروگرام پر مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے، تاہم پابندیوں کے خاتمے اور باہمی ضمانتوں کے معاملے پر اختلافات بدستور موجود ہیں۔