ٹرمپ کا دعویٰ: ‘سیو امریکا ایکٹ’ منظور ہوا تو 100 سال تک ریپبلکن انتخابات نہیں ہاریں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ساؤتھ ڈکوٹا میں امریکا کے 250 ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ‘سیو امریکا ایکٹ’ منظور ہو گیا تو آئندہ 100 سال تک ریپبلکن پارٹی انتخابات میں شکست نہیں کھائے گی۔

انہوں نے قوم کو 250 ویں یومِ آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ امریکا دنیا کا سب سے طاقتور اور ترقی یافتہ ملک ہے اور وہ کبھی ناکام نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق تاریخ میں کسی بھی قوم نے اتنی عظیم کامیابیوں کا جشن نہیں منایا جتنا امریکا منا رہا ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر عوام نے ساتھ دیا تو ریپبلکن پارٹی آئندہ مڈٹرم انتخابات بھی جیتے گی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ڈیموکریٹس دوبارہ اقتدار میں آئے تو وہ فِلی بسٹر جیسے اہم پارلیمانی اصول کو ختم کر سکتے ہیں۔اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دنیا کی قدیم ترین اور مضبوط جمہوریتوں میں شامل ہے، اس کا آئین دنیا کے بہترین آئینوں میں شمار ہوتا ہے، اور امریکا ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے وینزویلا کو ایک دن میں شکست دی اور ایران کو طاقتور حملے کے ذریعے ناکامی سے دوچار کیا۔