سردار تنویر الیاس استحکام پاکستان پارٹی کشمیر کے صدر مقرر

حال ہی میں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت اختیار کرنے والے آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو پارٹی میں اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔پارٹی قیادت نے سردار تنویر الیاس کو استحکام پاکستان پارٹی کشمیر کا صدر، جبکہ نثار عنصر ابدالی کو جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا ہے۔گزشتہ روز سردار تنویر الیاس نے وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی، سابق وزیر صحت انصار ابدالی اور سابق مشیر وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار افتخار رشید نے بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔عبدالعلیم خان نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی، جبکہ شامل ہونے والے رہنماؤں نے پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔