جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کے کیسز میں اضافہ، ہلاکتیں 438 تک پہنچ گئیں

جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث طبی حکام اور عالمی ادارے تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔جمہوریہ کانگو کے محکمہ صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق ایبولا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 438 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 406 ہو گئی ہے۔طبی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متاثرہ علاقوں میں نگرانی، اسکریننگ اور فوری تشخیص کے اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ نئے مریضوں کی بروقت نشاندہی کر کے انہیں قرنطینہ کیا جا سکے۔عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) کے مطابق ایبولا کی وبا افریقہ کے مصروف سرحدی علاقوں میں پھیل رہی ہے، جہاں روزانہ ہزاروں افراد روزگار، علاج، تحفظ اور اپنے اہلِ خانہ سے رابطے کے لیے آمدورفت کرتے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ انسانی نقل و حرکت کی مؤثر نگرانی بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔آئی او ایم کے مطابق اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کی طبی اسکریننگ کی جا چکی ہے، جبکہ سرحدی چوکیوں، اہم شاہراہوں اور سفری راستوں سمیت 110 سے زیادہ داخلی و خارجی مقامات پر نگرانی اور معاونت کا سلسلہ جاری ہے۔