امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ رکوانے میں کردار ادا کیا، جس سے کروڑوں افراد کی جانیں بچ گئیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے بھی ان سے گفتگو میں اعتراف کیا کہ جنگ رکنے سے لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں لوگوں کی زندگیاں محفوظ ہوئیں۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فضائی جھڑپوں میں 11 طیارے گرائے گئے تھے۔مشرقِ وسطیٰ اور ایران کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران اس وقت شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے اور وہاں مہنگائی کی شرح بہت زیادہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ حال ہی میں ایران کا ایک نیا ریڈار سسٹم تباہ کیا گیا، جس کے بعد ایران کے پاس کوئی فعال ریڈار سسٹم موجود نہیں۔اپنی گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے انہیں دنیا کا پہلا “ٹریلینئر” بننے پر مبارکباد دی۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ امریکا کے واحد صدر ہیں جنہوں نے اپنی صدارتی تنخواہ لینے سے انکار کیا، جسے انہوں نے ایک بڑی مالی قربانی قرار دیا۔تاہم، صدر ٹرمپ کے ان بیانات اور دعوؤں کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔