کراچی میں ہیوی ٹریفک کی بے قابو رفتار، 24 گھنٹوں میں 2 افراد جاں بحق، سالانہ حادثات کی شرح تشویشناک

شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کی بے لگام رفتار کے باعث ٹریفک حادثات میں خطرناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو مختلف واقعات میں ایک 10 سالہ بچے سمیت دو افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔پہلا افسوسناک واقعہ کورنگی بلال کالونی میں پیش آیا جہاں ریت سے بھرا تیز رفتار ٹرک گلی میں کھیلتے ہوئے 10 سالہ بچے صدیق حسین کو کچل گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے گاڑی تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔دوسرا حادثہ ناگن چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ڈمپر ڈرائیور بھی موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق دونوں واقعات کے ذمہ دار ڈرائیوروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ کراچی میں ٹریفک حادثات کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے، اور رواں سال اب تک مختلف حادثات میں 480 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 5750 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جس پر شہری حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔